بنوں، ایف سی چیک پوسٹ پر ڈرون حملہ، اہلکار شہید، 3 زخمی

بنوں : بنوں میں فرینٹر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کے مطابق بکا خیل کے علاقے تختی خیل میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ کیا گیا، حملے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ کے بعد فرینٹر کور اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بنوں کے علاقے ہوید میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث تاحکم ثانی کرفیو نافذ کردیا گیا ۔ ڈی پی او بنوں کے مطابق ہوید میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا جارہا ہے۔ ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے بتایا ہے کہ آپریشن کیلئے بھاری نفری علاقے میں پہنچا دی گئی ہے، ہوید میں صبح 5 بجے کے بعد عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا کہا ہے۔ سلیم عباس کلاچی نے کہا کہ شہری کسی بھی مشتبہ فرد کو اپنے قریب نہ آنے دیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے یا مدد کرنے پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
انہوں نے واضح طور پر بتایا کہ جہاں بھی فورسز پر فائرنگ ہوگی وہ عمارت گرا دی جائیگی۔نجی ٹی وی کے مطابق بنوں کے علاقے ہوید میں خوارج کے خلاف پاک فوج اور پولیس نے مشترکہ سرچ اینڈ ٹارگٹڈ آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔یہ آپریشن خفیہ معلومات اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا جس کا مقصد علاقے کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنا اور امن و امان کو یقینی بنانا تھا۔
پاک فوج اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا اور کئی مشتبہ افراد کو پولیس نے حراست میں لیا، آپریشن کے دوران خوارج کے دو مقامی سہولت کاروں کے گھر بھی مسمار کیے گئے۔اہل علاقہ نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو علاقے میں عوامی تحفظ کے لئے اہم قرار دیا اور اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ پاک فوج اور پولیس علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔