ترکیہ نے دفاعی ٹیکنالوجی میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس خودکار روبو ڈاگ ’کوز‘ (Koz) متعارف کرایا ہے جو عالمی سطح پر حیرت کا باعث بن گیا ہے۔
ترکی کی معروف دفاعی کمپنی راکٹسان کی تیار کردہ یہ جدید روبوٹک کتا نہ صرف ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے بلکہ خودکار موڈ میں بھی کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
استنبول میں ہونے والی ایک بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پیش کیا گیا ’کوز‘ دنیا کا پہلا روبو ڈاگ ہے جو گائیڈڈ میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت سے لیس ہے۔
اسے خاص طور پر ناہموار اور مشکل علاقوں میں موثر کارروائی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
’کوز‘ پر راکٹسان کے تیار کردہ چار لیزر گائیڈڈ میٹے میزائل نصب ہیں جبکہ اس کا الیکٹرو آپٹیکل نظام جاسوسی اور حملوں کے لیے اسے غیر معمولی طور پر موثر بناتا ہے۔
یہ روبو ڈاگ مشکل راستوں پر چلنے، ریموٹ اور خودکار موڈ کے درمیان تبدیلی، اور جدید ہتھیاروں کی بدولت جنگی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت مانا جا رہا ہے۔
’کوز‘ بغیر پائلٹ کے درست حملوں کی صلاحیت رکھتا ہے جو انسانی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
استنبول کی توپ کاپی یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل جہات یائجی نے ’کوز‘ کو جدید جنگی کارروائیوں کے لیے ’گیم چینجر‘ قرار دیا۔