SpaceX

اسپیس ایکس نے اسرائیل کا خفیہ سیٹلائٹ Dror-1 خلا میں بھیج دیا

اسپیس ایکس نے فلوریڈا سے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے اسرائیل کا انتہائی خفیہ مواصلاتی سیٹلائٹ Dror-1 مدار میں کامیابی سے روانہ کردیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس مشن کو “Commercial GTO-1” کا نام دیا گیا تھا۔ یہ سیٹلائٹ اسرائیل ایرواسپیس انڈسٹریز نے تیار کیا ہے، جس کا وزن 4.5 ٹن ہے۔

Dror-1 مکمل طور پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جسے “اسمارٹ فون نما سیٹلائٹ” بھی کہا جا رہا ہے۔ اس کی چوڑائی 17.8 میٹر ہے جبکہ اس کے ڈشز کا حجم 2.8 میٹر بتایا گیا ہے۔

سیٹلائٹ کی متوقع عملی مدت 15 سال رکھی گئی ہے، جس دوران یہ اسرائیل کو اعلیٰ سطح کی قومی مواصلاتی خودمختاری، سیکیورٹی اور اسٹریٹجک خود انحصاری فراہم کرے گا۔

یہ سیٹلائٹ جدید ڈیجیٹل ڈیٹا اسٹریمنگ کی صلاحیت رکھتا ہے، جس میں اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کے ساتھ ساتھ ڈیٹا ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس بھی ممکن ہوں گی۔

رپورٹس کے مطابق اس منصوبے سے اسرائیل کے قومی مواصلاتی نظام میں خفیہ رابطوں اور خود مختاری میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اس مشن کے بعد اسرائیل آئندہ چند برسوں میں Dror-2 سیٹلائٹ کا بھی منصوبہ رکھتا ہے۔