BitCoin

بٹ کوائن ذخائر سے آمدن حاصل کرنے کی تیاری

پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے بٹ کوائن ذخائر کو استعمال میں لانے اور ڈی فائی (Decentralized Finance) کے ذریعے آمدن حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیو یارک کے معروف میڈیا ادارے کوائن ٹیلی گراف میگزین نے پاکستان کی جانب سے کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے شعبے میں کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپٹو اثاثوں کو منظم کرنے کے لیے باضابطہ بٹ کوائن ذخائر قائم کرے گا، جو کہ ملکی مالی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

بلال بن ثاقب کا وژن

پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او اور وزیرِ مملکت بلال بن ثاقب نے بتایا کہ ملک میں موجود بٹ کوائنز کو اب قومی خزانے کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے پاکستان نہ صرف اپنی مالی پوزیشن مستحکم کرے گا بلکہ ڈی فائی پروٹوکولز کے ذریعے بغیر بینکنگ نظام کے مالی سرگرمیوں جیسے قرضے اور لین دین کو ممکن بنایا جا سکے گا۔

اداروں کا مشترکہ فریم ورک

اس حوالے سے وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس ای سی پی (سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان) مل کر ایک مؤثر کرپٹو فریم ورک تیار کریں گے تاکہ اس نئے مالی نظام کو محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے۔

مائیکل سیلر سے ملاقات

بلال بن ثاقب کی ملاقات کرپٹو انویسٹمنٹ کمپنی مائیکرو اسٹریٹیجی کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین مائیکل سیلر سے بھی ہوئی، جہاں پاکستان کے اسٹریٹجک بٹ کوائن ذخائر میں اُن کے مشیر بننے کی پیشکش پر غور کیا گیا۔

عالمی سطح پر پاکستان کی پیش رفت

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2024 کے دوران کرپٹو اپنانے کے حوالے سے پاکستان نے نمایاں ترقی کی اور عالمی کرپٹو انڈیکس میں نواں نمبر حاصل کر لیا۔