دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تلاش (Search) کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نیا ’اے آئی کاروسیل فیچر‘ متعارف کرا دیا ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ فیچر گوگل کے AI Overviews سے مماثلت رکھتا ہے۔ جب کوئی صارف یوٹیوب پر مثال کے طور پر ’ہوائی کے بہترین ساحل‘ تلاش کرتا ہے، تو اسے ویڈیوز کی ایک قطار (carousel) دکھائی جاتی ہے، جن کے ساتھ اے آئی کی تیار کردہ مختصر سمریز بھی شامل ہوتی ہیں۔
ان خلاصوں میں ہر ویڈیو کا مقصد، اہم نکات اور مرکزی مواد واضح انداز میں پیش کیا جاتا ہے، تاکہ صارف فیصلہ کر سکے کہ کون سی ویڈیو اس کے لیے زیادہ موزوں ہے۔ اس سے طویل ویڈیوز دیکھے بغیر بنیادی معلومات تک رسائی ممکن ہو جاتی ہے۔
تاہم، یہ فیچر جہاں صارفین کے لیے فائدہ مند ہے، وہیں ویڈیو کریئیٹرز کے لیے چیلنج بھی بن سکتا ہے، کیونکہ اگر صارفین صرف خلاصہ پڑھ کر مطمئن ہو جائیں تو مکمل ویڈیوز کے ویوز اور آمدنی متاثر ہو سکتی ہے۔
یوٹیوب نے اس کے ساتھ ساتھ ایک اے آئی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا ہے، جو ویڈیو دیکھنے کے دوران صارف سے بات چیت کر سکتا ہے۔ اس چیٹ بوٹ سے سوالات کیے جا سکتے ہیں، ویڈیو کا خلاصہ حاصل کیا جا سکتا ہے یا مزید معلومات لی جا سکتی ہیں۔ یہ سہولت ’Ask‘ بٹن کے ذریعے دستیاب ہے۔
فی الحال یہ دونوں فیچرز صرف امریکی صارفین کے لیے اور انگریزی زبان میں فراہم کیے گئے ہیں۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو جلد ہی اسے دیگر ممالک اور زبانوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔