کراچی،بارش میں سڑکیں تالاب، 350 فیڈرز بند ،ٹرینیں لیٹ،میئر کا دورہ شہر

کراچی شہر میں بارش کے دوران کئی فیڈرز بند ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل بند ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 350سے زائد فیڈرز بند ہوگئے ، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل معطل ہے۔3 روز میں 1110سے زائد فیڈرز کی بندش سے شہری کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈی ایچ اے، گلشن اقبال، گلستان جوہر، سرجانی، اورنگی اور بلدیہ ٹاؤن میں فیڈرز ٹرپ ہے۔بارش رکنے کے باوجود بحالی کا کام شروع نہ ہوسکا ، کے الیکٹرک کی ٹیکنیکل ٹیموں کو گراونڈ کلیئرنس نہ ملنے پر بحالی میں تاخیر ہورہی ہے، جس کے باعث گلبہار، ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی، سائٹ، گڈاپ سمیت کئی علاقے متاثر ہے۔

مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد جل تھل ہوگیا، شہر کی بیشتر سڑکوں پر برسات کا پانی جمع ہوگیا۔شہر میں ہفتے کو ہونے والے بارش کے بعد کراچی کے لیے پھر سے وہی پرانی کہانی سامنے آئی ہے، بارش کے بعد ہر طرف سڑکوں پر پانی ہی پانی نظر آرہا ہے، مرکزی اور دیگر شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث کئی سڑکوں پر ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔بولٹن مارکیٹ کی اندرونی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا، بولٹین مارکیٹ کی گلیوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جس سے آنے جانے والوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔وزیرمینشن کے اطراف بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا، ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی کے قریب بھی برساتی پانی بڑی مقدار میں موجود تھی۔

ملک بھر میں شدید بارشوں کے باعث کراچی سے مختلف شہروں کیلئے ٹرینوں کی روانگی میں کئی کئی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا ہے، مسافر شدید مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ ٹرینوں کی آمد و رفت 7 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوگیا۔حکام کے مطابق پاکستان ایکسپریس ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر سے شام ساڑھے 6 بجے روانہ ہوگی، علامہ اقبال ایکسپریس 3 گھنٹے 45 منٹس تاخیر سے 7 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوگی، پاک بزنس ایکسپریس ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر سے رات 8:30 بجے روانہ ہوگی۔ کراچی سے ملت ایکسپریس 7 گھنٹے تاخیر کے بعد رات 12:00 بجے، تیزگام ایکسپریس ڈھائی گھنٹہ تاخیر سے رات 8:00 بجے اور زکریا ایکسپریس 4 گھنٹے تاخیر سے رات 10:15 بجے روانہ ہوگی جبکہ فرید ایکسپریس 2گھنٹے تاخیر کے بعد رات 9:30 پر کراچی سے نکلے گی۔

کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں بارش کے باعث لائٹ ویٹ طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا۔ایئرپورٹ اتھارٹی نے تربیتی چھوٹے طیاروں کو فلائنگ سے روکا، لائٹ ویٹ طیاروں کو دوران بارش حد نگاہ اور بیلنس قائم رکھنے میں دشواری ہوتی ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے تمام بلدیاتی نمائندے، عملہ اور مشینری سڑکوں پر موجود ہے اور جہاں بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں ان پر فوری کارروائی کی جارہی ہے، شہر کی مجموعی صورتحال قابو میں ہے، تمام ادارے بھرپور کام کر رہے ہیں اور کوشش ہے کہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا۔

میئر کراچی صبح بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف دورے پر نکل گئے تھے، حالیہ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسی آب کے کاموں کا معائنہ کیا، گلشن اقبال، کارساز، نیپا، گلستان جوہر، نرسری، صدر، گذری، گلاس ٹاور، مچھر کالونی، گرومندر، سولجر بازار، شاہراہ پاکستان، ضلع وسطی، ناگن چورنگی، گلبرگ، لندی کوتل، قلندریہ چوک، سخی حسن اور انچولی سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے نالوں کی صفائی، ڈی واٹرنگ مشینوں اور دستی افرادی قوت کے ذریعے پانی کی نکاسی کے عمل کا مشاہدہ کیا، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے گذری میں سیوریج کے مسائل پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو اقدامات کی ہدایت دی، سخی حسن نالے میں چاکنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے، ناگن چورنگی اور دیگر مقامات پر پانی کے بہاؤ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کے بھی احکامات دیے۔