Solar Panels

مصنوعی روشنی سے بجلی بنانے والا نیا سولر پینل تیار

سائنسدانوں نے ایک جدید سولر پینل تیار کیا ہے جو نہ صرف سورج کی روشنی بلکہ کمرے کے اندر موجود بلب اور دیگر مصنوعی روشنیوں سے بھی بجلی پیدا کر سکتا ہے۔

یہ نئی ایجاد پیرووسکائٹ نامی مٹیریل سے بنی سولر سیلز کی نئی نسل پر مبنی ہے، جسے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں ایک انقلابی مواد سمجھا جاتا ہے۔ پیرووسکائٹ سولر سیلز، روایتی سلیکون سولر پینلز کے مقابلے میں زیادہ مؤثر طریقے سے روشنی کو بجلی میں تبدیل کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس مٹیریل کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سائنسدانوں نے اس مٹیریل کو اس طرح ایڈجسٹ کیا ہے کہ یہ کمروں کی مصنوعی روشنی سے بھی مؤثر انداز میں توانائی پیدا کر سکے۔ اگرچہ اس عمل کے دوران پیرووسکائٹ میں کچھ کمزوریاں پیدا ہوئیں، لیکن تائیوان کی نیشنل یِینگ مِنگ چیاؤ ٹِنگ یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے ایک کیمیائی تکنیک کے ذریعے ان مسائل کو حل کر لیا ہے۔

اس تکنیک کو “بینڈ گیپ ایڈجسٹمنٹ” کہا جاتا ہے، جو سلیکون سولر سیلز میں ممکن نہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ اس کامیابی سے نہ صرف روزمرہ استعمال کی اشیاء، بلکہ ریموٹ کنٹرول اور پہننے والی الیکٹرانک ڈیوائسز کو بھی مصنوعی روشنی کے ذریعے چارج کرنا ممکن ہو گیا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں توانائی کے خود کفیل گھریلو آلات کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔