Space Technology

انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی گو جیمہ ٹیم ایشیا کی ٹاپ 10 ٹیموں میں شامل

انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی گو جیمہ ٹیم ایشیا کی ٹاپ 10 ٹیموں میں شامل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوگل سلوشن چیلنج 2025 کے فائنلز میں شرکت سے قبل گو جیمہ ٹیم کی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے ٹیم کی منیلا روانگی سے قبل حوصلہ افزائی کی۔

شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کا اے آئی اور جیو اسپیشل ٹیکنالوجی میں انقلابی منصوبہ عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ ہماری نوجوان نسل دنیا کے سامنے پاکستان کی جدید ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کا چہرہ بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی کامیابی قوم کا سرمایہ ہے، وزارت آئی ٹی ان کے ہر قدم پر شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ریاستی و نجی شعبوں کو پاکستان کی ٹیکنالوجی انیشی ایٹوز میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

شزا فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں گوگل ڈیولپر گروپس اور گوگل اے آئی ریسرچ پروگرامز نوجوانوں کو عالمی سطح کی مہارتیں دے رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیموں کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی عملی تصویر ہے۔