اسلام آباد:نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے فی یونٹ 4 روپے 69 پیسے کا بڑا ریلیف موخر کردیا، کے ای نے اپریل کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی مانگی تھی۔کے الیکٹرک کی اپریل کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر سماعت ہوئی، کے الیکٹرک نے ایک ماہ کیلئے 4 روپے 69 پیسے کی کمی مانگی ہے۔
سماعت کے آغاز میں پاور ڈویژن نے درخواست پر سماعت کو موخر کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بارے میں ایک نظرثانی درخواست دائر کی ہے، ایف سی اے کی درخواست میں ریلیف سے یونیفارم ٹیرف نہیں رہے گا، اس وقت تک وفاقی حکومت ایف سی اے کی مد میں 21 ارب کی سبسڈی دے چکا۔
پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں اس طرح کے اقدامات مشکلات پیدا کریں گے، ایڈجسٹمنٹ کیلئے مالی گنجائش نکالنے کی کوشش ہوگی، جس پر چیئرمین نیپرا نے جواب دیا ایف سی اے کی سماعت عوامی ہوتی ہے ، آپ کی درخواست کا وقت انتہائی نا مناسب ہے، ایف سی اے کا سبسڈی کے ساتھ کیا تعلق ہے ؟۔
سبسڈی ایف سی اے کی بیچ میں کہاں سے آگئی ؟پاور ڈویژن نے کہا کہ ہم معذرت خواہ ہیں تجزیہ کرنے میں وقت لگ گیا تو چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ یہ کونسا طریقہ ہے کہ سماعت کے دوران درخواست آئے ، جس پر پاور ڈویژن نے بتایا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اصل ریفرنس سے ہٹ کر فیصلہ بھی آتا ہے۔
چیئر مین نیپرا نے سوال کیا سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا آپس میں تعلق کیا ہے یہ بتائیں ؟ ساری تکنیکی بحث ہے ہم اس پر یہاں نہیں بات کر سکتے تو پاور ڈویژن نے کہا کہ ریگولیٹر کا کوئی فیصلہ بھی آتا ہے تو ٹیرف کیلئے رکھی گئی رقم کا تعین ہوتا ہے، یونیفارم ٹیرف کیلئے ایف سی اے کو بھی شامل کرنے کی سمری تیار کی ہے۔
حکام نے کہا کہ سمری کابینہ میں جائے گی منظور ہو جاتی ہے تو آج کی سماعت غیر موثر ہو سکتی ہے ، ابھی بھی اسطرح کے اقدامات کیلئے 125 ارب روپے رکھے گئے ہیں جس پر چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کتنا عرصہ آپ یہ ریلیف روک سکتے ہیں دو چارہ چھ ماہ بعد کیا کریں گے ۔
سماعت کیلئے ریگولیٹر نے ایک طریقہ کار طے کر رکھا ہے، اخبارات میں اشتہار ہوتا ہے سماعت میں شہری شریک ہوتے ہیں، عوامی سماعت کا تاثر انتہائی غیر موثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پاور ڈویژن کی درخواست موخر کرنے کی استدعا پر سی ای او کے الیکٹرک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کے الیکٹرک وہی پاس آن کرے گی جو نیپرا اتھارٹی دے گا، کے الیکٹرک کا گزشتہ سالوں ایف سی اے پازیٹو ہوتا تھا، باقی ڈسکوز کا تب ایف سی اے نیگیٹو ہوتا تھا ۔
جب کے الیکٹرک کے صارفین کو مہنگی بجلی ملتی تھی تب ٹیرف پر اثر کیوں نہیں پڑتا تھا، انصاف کے تقاضوں کو برقرار رکھ کر ریگولیٹر جو فیصلہ کرے ہمیں قبول ہے۔ کے الیکٹرک صارفین کے لئے 4 روپے 69 پیسے کا بڑا ریلیف موخر کر دیا گیا۔
پاور ڈویژن کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی نے سماعت موخر کر دی۔ کے الیکٹرک کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ریلیف کی درخواست ایک ہفتے کیلئے موخر کی گئی۔نیپرا نے وفاقی حکومت کا خط عوامی آرا کیلئے نیپرا ویب سائٹ پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا سماعت آئندہ ہفتے رکھی جائے گی تمام شراکت دار اپنی آرا جمع کروادیں۔