اسرائیلی فورسز نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مسجد کے ہال پر چڑھائی کر کے مسجد کی بے حرمتی کی اور الاقصٰی محافظین کو ان کی ڈیوٹی کے دوران ہی حراست میں لے لیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یروشلم گورنریٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کا یہ اقدام اس مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد مساجد کی انتظامیہ کو کمزور کرنا ہے اور وقف اتھارٹی میں بلاجواز مداخلت کر کے مساجد انتظامیہ اور عام مسلمانوں کو تکلیف پہنچانا ہے۔
اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ پر اپنے دھاوے کو تلاشی لینے کا نام دیا ہے۔
یہ کارروائی مسجد کے صحن سے متصل پرانے ہال میں کی گئی ہے جہاں مسجد اقصیٰ کی حفاظت پر مامور چار محافظین کو حراست میں لے لیا گیا۔
جن محافظین کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں محمد ارباش، رمزی الزونین ، باسم ابوجمعہ اورایاد عودے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوجیوں نے دیگر کئی خادمین مسجد اور محافظین سے مسجد کے ہال میں ہی تفتیش کی اور ہراساں کیا۔
ایران امریکا کشیدگی،سعودیہ میں ہائی الرٹ، بحرین ، کویت کے بھی ہنگامی اقدامات
فلسطینی خبر رساں ادارے ‘ وفا ‘ کے مطابق ہفتے کو نصف شب کے وقت اسرائیلی فوج کا جتھہ مسجد اقصیٰ کے پرانے ہال پر چڑھ دوڑا۔
اس فوجی جتھے نے ہال میں موجود الماریوں کی توڑ پھوڑ کی اور الماریوں میں موجود مواد کو بھی نقصان پہنچایا۔
‘ وفا’ کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ سے منسلک ہنگامی حالت کے تحت مکمل بندش کے دوران اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کو صرف دو بار کھولا ہے۔