ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے دوران9 افراد جاں بحق، کئی پروازیں منسوخ

ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے دوران حادثات میں9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔بارشوں کی وجہ سے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ،جس کی وجہ سے کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں خاتون اور دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔

خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق بارش اورآندھی کے باعث مجموعی طور پر 7 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 5 مکانات جزوی جبکہ 2 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔ حادثات مانسہرہ، بونیر، دیر لوئر، اپر، مالاکنڈ، کوہستان کولائی پالس میں پیش آئے۔پنجاب کے شہر گجرات ماڈل ٹائون میں بارش کے بعد گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔

گجرات گندرہ موڑ پر محنت کشوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، جہاں رہائشی بچے گھر کے دروازے کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اچانک دروازہ دیوار سمیت زمین پر آگرا، جس کے نتیجے میں 6 سالہ بچی رانی، 8 سالہ کامران اور 7 سالہ ساجد دیوار کے ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ 8 سالہ دلاور، 7 سالہ سعید اور 7 سالہ عارف خان شدید زخمی ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو1122 اور پولیس چوکی ماڈل ٹان کی نفری نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی بچوں کو ملبے سے نکال کر تشویشناک حالت میں عزیز بھٹی اسپتال منتقل کر دیا۔

ادھرشدید گرمی کے بعد جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نظام زندگی متاثر ہوگیا ، موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کی آمدورفت بھی شدید متاثر ہونے سے پروازوں کے رخ یا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے،دوسری جا نب محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ مختلف مقامات پر درخت اور سائن بورڈ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سوات کے علاقے مینگورہ، مالم جبہ اور کالام میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جب کہ مالاکنڈ اور باڑہ میں بھی خوب برسات ہوئی۔شانگلہ کے بشام، الپوری اور دیگر سیاحتی مقامات پر بھی ہلکی پھلکی بارش نے سیاحوں کا دل خوش کر دیا۔ پلندری میں بھی جم کر بارش ہوئی جس سے علاقوں میں ہلکی سی سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ اس دوران اسلام آباد میں بارش اور موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کی آمدورفت شدید متاثر ہورہی ہے، جس کے پیش نظر پروازوں کے رخ یا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے ۔

محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پشاور، مردان، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی میں آندھی آئے گی۔

سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ بلوچستان میں شدید گرمی، گرد آلود ہواں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ادھرلاہور میں ہونے والی بارش کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا ہے۔لیسکو کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔بجلی کی فراہمی بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا پڑ رہا ہے۔