حکومت کا 14 کروڑ لیٹرز پیٹرول فوری منگوانے کا حکم

اسلام آباد؛ایران و اسرائیل جنگ کے تناظر میں ملک میں تیل کے ذخیرے کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے 14 کروڑ لیٹرز پیٹرول فوری منگوانے کا حکم دے دیا۔

اس حوالے سے اوگرا کی جانب سے تیل کمپنیز کو جاری کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے تیل کمپنیز کو 20 دن تیل ذخیرہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔اوگرا کے خط کے مطابق حالیہ علاقائی صورتِ حال کے سبب تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیز ذخیرہ یقینی بنائیں۔

دوسری جانب پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی ہدایات کے بعد پی ایس او نے تقریباً 7 کروڑ لیٹرز کا ہنگامی ٹینڈرجاری کیا یہ پیٹرول کا جہاز 10 دن کے اندر کراچی پورٹ پہنچے گا۔

پی ایس او حکام کے مطابق 6 جولائی کو پہنچنے والے تقریباً 7 کروڑ لیٹرز سے لدے جہاز کو 26 جون کو پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، یکم جولائی تک ملک میں اضافی 14 کروڑ لیٹرز تیل موجود ہو گا۔

پی ایس او حکام نے یہ بھی کہا کہ صورتِ حال دیکھتے ہوئے مزید ہنگامی ٹینڈرز جاری کیے جا سکتے ہیں۔دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیاہے۔

شپنگ کمپنیز حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے خدشے کے باعث تیل کے جہازوں کے کرایوں میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔حکام کے مطابق خلیج فارس سے 9 لاکھ ڈالر میں آنے والے تیل کے جہاز کا کرایہ 11 سے 12 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔

شپنگ کمپنیز حکام کے مطابق انشورنس کور 15 ہزار ڈالرز سے بڑھ کر 22 ہزار ڈالرز تک کرنے کا عندیہ ہے۔ذرائع پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی ایس ایس سی) کے مطابق آبنائے ہرمز میں محدود اوقات میں جی پی ایس بند ہونے کا چیلنج درپیش رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی این ایس سی کا ایک جہاز دو گھنٹے جی پی ایس بند ہونے کے سبب ہرمز میں داخلے سے رکا رہا تھا۔