لودھراں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں اورخواتین کے خلاف جرائم میری ریڈ لائن ہیں، میں آپ کی وزیراعلیٰ نہیں بلکہ خادم ہوں۔
لودھراں میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان اوربہاولپور ڈویژن کے9005طلبہ کو لیپ ٹاپس دیے جارہے ہیں، سرکاری کالجز کے1295،یونیورسٹیوں کے6655طلبہ کو لیپ ٹاپس دیے جارہے ہیں۔
مریم نواز نے لیپ ٹاپ، اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام طلبہ کیلئے ہونہاراسکالرشپس،لیپ ٹاپس سے بھی کہیں زیادہ کرنا چاہتی ہوں، بہاولپور اور ملتان کا دورہ بھی کیا، ایک ماں کیلئے اپنے بچوں کیلئے کوئی تفریق نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ چاہے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لودھراں یا پھر لیہ کے ہوں، ان کے درمیان کوئی تفریق نہیں، آپ تمام طلبہ نے محنت کی، اپنے ماں باپ سمیت میراخواب بھی پورا کیا۔وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ستھراپنجاب کے اہلکارصوبے کی تمام گلیاں،محلے،شہر اورگاؤں دن رات صاف کررہے ہیں۔
سی سی ڈی نے پنجاب کو جرائم سے پاک کیا، مخالفین کہتے ہیں پنجاب خواتین کیلئے پہلے سے محفوظ جگہ بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ماؤں،بہنوں اوربیٹیوں کی عزت کا خیال ہے، آپ زیور پہن کر نکلیں تو کسی کو آپکی طرف دیکھنے کی جرات نہ ہو، کسی جگہ ہراسانی کا واقعہ ہوتا ہے تو پولیس فوری ایکشن لیتی ہے، بچوں اورخواتین کے خلاف جرائم میری ریڈ لائن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بچوں اوربچیوں کیلئے وہ کام ہوں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی، ایک بچی نے کہا نوازشریف کی بیٹی جو وعدہ کرتی ہے وہ پورا کرتی ہے، تمام پروجیکٹس ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں جاری وساری ہیں، لوگوں نے کہا ایک کے بعد ایک پروجیکٹ کیسے ممکن ہے؟ ہم نے پونے دوسال میں ناممکن کو ممکن کردکھایا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ایک سال میں ایک لاکھ 25ہزار گھر بن رہے ہیں، اس وقت 70سے80ہزار گھر تکمیل کے مراحل میں داخل ہورہے ہیں، ہم پنجاب کے لوگوں کو 3مرلے کا مفت پلاٹ دینے جا رہے ہیں، جو کام مرد وزرائے اعلیٰ نہیں کرپائے وہ آپکی ایک خاتون وزیراعلیٰ نے کر دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ اعمال نامہ آپ کے سامنے رکھ رہی ہوں کیونکہ میں آپ کو جوابدہ ہوں، 2 ہزار کے قریب پراپرٹی پر قبضے واپس دلوائے جاچکے ہیں، ڈالہ اوروی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا، آپ کو اب پنجاب میں کوئی مافیا نظر نہیں آئے گا، پنجاب اس وقت مافیا فری ہے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر صوبے کے پاس این ایف سی کا بہت پیسہ ہے، این ایف سی شیئر کے تحت پنجاب کو سب سے کم حصہ ملتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے پاس جتنا پیسہ ہے وہ عوام پر لگ رہا ہے، جو صوبے کہتے ہیں پنجاب کے پاس بہت پیسہ ہے وہ اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لیے بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو پروٹوکول سے فرصت نہیں، ان کے صوبے میں عوام بھوکی مر رہی ہے اور سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے کام کرنا پڑتا ہے، بدلے میں انتشار، مارو، پولیس والوں کے سر پھاڑ دو نہیں چلے گا، پاکستان نے بہت بیانیہ بیانیہ کا کھیل کھیل لیا، اب ملک اپنے ٹریک پر واپس آگیا ہے۔

