پاکستان،ترکیہ کا ایرانی خودمختاری،حق دفاع کی غیرمشروط حمایت کا اعادہ

استنبول:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے استنبول میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اسحاق ڈار نے ترک صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے پائیدار دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کی قیادت نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور دونوں رہنمائوں نے اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ملاقات میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا جبکہ عالمی برادری پر خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر زور بھی دیا گیا۔

دونوں فریقوں کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو بھی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا اور غزہ کے محصور لوگوں کو انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا گیا۔