اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 8 شوگر ملز میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری پکڑ لی ، ملوں کے نام بھی سامنے آگئے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، رکن کمیٹی عمر ایوب نے ٹیکس چوری کرنے والی شوگرملز کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
چیئرمین کمیٹی نوید قمر کو ٹیکس چور شوگر ملز اور ان کے جرمانے کی تفصیلات جمع کرادی گئیں۔عمر ایوب نے ٹیکس چورشوگرملز کی تفصیلات ملتے ہی میڈیا کو فراہم کردیں، سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ایف بی آر نے 8 شوگر ملز میں بڑی ٹیکس چوری پکڑ لی ہے۔
سرکاری دستاویز میں کہنا تھا کہ سکرنڈ شوگر مل، چمبر اور ڈگری، جوہرآباد اور تاندلیانوالہ، المعیز ، طارق کارپوریشن اورجڑانوالہ کیخلاف کارروائی کی گئی۔دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ سکرنڈ ملز کی 1200 چینی کی بوریاں اور چمبر ملز کی 150 میٹرک ٹن چینی ضبط کی گئی جبکہ ڈگری ملز کو سیل کر دیا گیا اور جوہرآباد ملز کے گودام کو تالہ لگادیا گیا۔
دستاویز کے مطابق تاندلیانوالہ شوگر ملز کے ویٹ برج ایریا کو سیل کردیا گیا۔دوسری جانب حکومت نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے چینی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے۔ایف آئی اے، آئی بی،ایف بی آر،اسٹیٹ بینک ودیگرمتعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات تفویض کردیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں، قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور کارٹلائزیشن میں ملوث عناصرکیخلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصرکے خلاف چھاپے، گرفتاریاں اور دیگر سخت اقدامات شامل ہوں گے۔
وزیراعظم کی ہدایات کے بعد متعلقہ اداروں نے کارروائیاں تیز کردیں، آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ایکشن متوقع ہے۔