بیرون ملک قید کتنے پاکستانی وطن واپس آئے؟ تفصیل منظر عام پر

اسلام آباد — پاکستانی قونصل خانے اور سفارتی مشنز کی کوششوں سے بیرونِ ملک جیلوں میں قید ساڑھے 18 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی ممکن ہوئی ہے۔  موصولہ سرکاری دستاویزات میں ان قیدیوں کی رہائی کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط سے 5,435، ملائیشیا سے 6,000، ترابلس سے 935، نیویارک سے 110، سعودی عرب سے 1,563 پاکستانی قیدیوں کو رہائی دلائی گئی۔ سری لنکا سے 56، قازقستان سے 245، اور روم (اٹلی) سے 20 پاکستانیوں کی رہائی ممکن ہوئی۔

اسی طرح بغداد سے 3,570، یونان (گریس) سے 530، فلپائن سے 20، برطانیہ اور چین سے 6، جبکہ بنکاک سے 16 پاکستانی قیدی رہا کرائے گئے۔

مزید برآں، گزشتہ پانچ برسوں کے دوران صرف سعودی عرب سے 8,559 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرایا گیا۔ مالدیپ سے 48، ایران سے 46 قیدی وطن واپس لائے گئے، جبکہ قطر میں قید 253 پاکستانیوں کی رہائی کے لیے حکومتِ پاکستان نے 63 لاکھ سعودی ریال کی ادائیگی بھی کی۔

یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے میں پاکستانی سفارتی مشنز نہایت فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔