سولر پینلز استعمال کرنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد — نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے سولر پینلز پر ٹیکس میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ملک کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے۔

سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سولر سسٹم کے لیے درکار 46 فیصد سامان درآمد کیا جاتا ہے، اس لیے سولر پینلز پر عائد 18 فیصد ٹیکس کو کم کر کے 10 فیصد تک لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ سے متعلق کچھ تجاویز پر نظرثانی کی گئی ہے اور معیشت کے مختلف پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے۔ بجٹ پر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے سلسلے میں گزشتہ روز چھ سے زائد نشستیں ہو چکی ہیں۔

اسحاق ڈار نے وضاحت کی کہ ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کے حوالے سے کچھ غلط فہمیاں پائی جاتی تھیں، تاہم یہ ٹیکس صوبوں کا دائرہ اختیار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی ڈی سی ایل چاروں صوبوں میں منصوبے مکمل کرے گی، جو پی ڈبلیو ڈی کا متبادل ادارہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ ریونیو خسارے پر قابو پانے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ سندھ کی جامعات کے لیے فنڈز میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اعلیٰ تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔

عالمی امور پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دو درجن سے زائد او آئی سی ممالک نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ یہ بیان تمام مسلم ممالک کی مشترکہ آواز کے طور پر سامنے آیا ہے۔