اسلام آ باد:اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے فوری طور پر الیکشن کمیشن تعیناتیوں کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے سے انکار کردیا ہے اور اپوزیشن لیڈر کو جواب دیا ہے کہ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔
چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتیوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب دیدیاہے۔اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائیگی،وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر جب نام بھجوائیں گے تب کمیٹی بنے گی۔
اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن تعیناتیوں کیلئے مشاورتی عمل شروع کردیا ہے،وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے مجوزہ نام آنے کے بعد اسپیکر پراسس شروع کرینگے،نام آنے کے بعد اسپیکر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے نام مانگیں گے،اسپیکر نام آنے کے بعد پارلیمانی لیڈرز سے نام مانگیں گے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر کو پارلیمانی کمیٹی بنانے کیلئے خط لکھا تھا۔اپوزیشن لیڈر نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے 6 نام حزب اختلاف سے بھجوائے تھے۔وزیر اعظم نے 16 مئی کو الیکشن کمیشن تعیناتیوں کیلئے اپوزیشن لیڈر کو مشاورت کیلئے خط لکھا تھا۔چیف الیکشن کمشنر و ممبران سندھ بلوچستان کی تعیناتی ہونی ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے ترجمان نے چیف الیکشن کمشنر اور دو اراکین کی تعناتیوں کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت جاری کردی۔ترجمان قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قائد حزب اختلاف عمر ایوب کے خط کا جواب دے دیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے طریقہ کار بتا تے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی کی تشکیل وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت مکمل ہونے سے پہلے ممکن نہیں۔ترجمان قومی اسمبلی نے خط کا متن بھی جاری کردیا۔