کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں آج صبح ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ہفتے کی صبح لانڈھی، شاہ فیصل کے علاقے ملت ٹاؤن اور ماروی گوٹھ قائد آباد و اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔
اطلاعات کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 53 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 35 کلومیٹر اور شدت 3.2 محسوس کی گئی۔ واضح رہے کہ کراچی میں یکم جون سے زلزلوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور اب تک مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 39 زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں۔
قبل ازیں جمعرات کے روز (12 جون کو) بھی قائد آباد سمیت ملیر اور گرد و نواح میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.6 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔