اسلام آباد:نان فائلرز کی نقد رقم نکالنے کی حد 50 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025ـ26 کے لیے نظرثانی شدہ بجٹ تجاویز کے تحت نئی حد سے زیادہ رقم نکالنے پر 0.8 فیصد سے زائد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا جو موجودہ سال کے 0.6 فیصد سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اشتہارات پر سخت محصول کا سامنا کرنا پڑے گا، سب سے زیادہ کمانے والوں کے لیے انکم ٹیکس سرچارج میں 9 فیصد کمی متوقع ہے۔ یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی مالیاتی کمیٹی کی منظوری حاصل کر چکا ہے۔ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ ای کامرس کاروبار پر 2 فیصد تک انکم ٹیکس عائدکردیاگیا، کپڑوں کے آن لائن کاروبار پر 2 فیصد اور الیکٹرونکس پر 0.5 فیصد ٹیکس عائدہوگا جبکہ کپڑوں، الیکٹرونکس اور الیکٹریکل کے علاوہ کوئی اور کاروبارکرنے پر 1 فیصد ٹیکس ہوگا۔
ایف بی آر نے بتایا کہ رجسٹرڈ آن لائن کاروبار کرنے والے آمدن سے انکم ٹیکس عائد کرنے کے پابند ہونگے، کسٹمرز کے آرڈر بْک کرانے پر بِلنگ ڈیٹیل کو آن لائن ریٹرن تصور کیا جائے گا،حکام کے مطابق بینک یا کورئیر سروس ایف بی آر کے اتھرائزڈایجنٹ کے طورپر ٹیکس رقم جمع کرائیں گے، آن لائن کاروبارکرنے والے انکم ٹیکس کیلئے کسٹمرز سے اضافی پیسے نہیں لیں گے۔
ایف بی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والوں پر ایڈوانس ٹیکس مدمیں 5فیصداضافہ کیاجائیگا،گوگل، یوٹیوب، فیس بک سمیت ڈیجیٹل سروسزپر ایڈوانس ٹیکس 10 سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ اقدام کا مقصد ڈیجیٹل کمپنیوں کے پاکستان میں دفاترقائم کرانا ہے، جن ڈیجیٹل کمپنیوں کے پاکستان میں دفاترقائم ہونگے ان پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔