واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ جوہری معاہدہ کرلے ورنہ اگلے حملے مزید وحشیانہ ہونگے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو کہا تھا معاہدہ کرلو لیکن انہوں نے نہیں کیا، معاہدے کی کوششیں ہوئیں، معاہدے کے قریب بھی پہنچے لیکن وہ معاہدہ نہ ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے کچھ سخت گیر عہدیداروں نے بہادری سے بات کی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ کیا ہونے والا ہے، سب سخت گیر ایرانی اب مر چکے اور اب آگے بھی بدتر ہی ہوگا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو معاہدہ کرنے کاموقع دینے کے بعد ایک اور موقع دیاگیا، ایران کومعاہدہ کرلینا چاہیے اس سے پہلے کہ کچھ نہ بچے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دنیا میں سب سے مہلک ہتھیار بناتا ہے اور اسرائیل کے پاس ان ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ ہے اور وہ اسے چلانا جانتے ہیں لہٰذا وقت ہے کہ اس صورتحال کا خاتمہ کیا جائے، ورنہ پہلے سے طے شدہ حملے زیادہ سنگین ہوں گے۔