اسلام آباد:عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت عوام کو40روپے فی لیٹر بڑے اضافے سے بچانے کے لیے متحرک ہے اور نئی قیمتوں کے اعلان کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایک روز قبل قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے عوام بڑے بوجھ سے بچ جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ یکم مئی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 3سے 4روپے فی لیٹر اضافہ کا امکان ہے جبکہ پیٹرولیم لیوی بڑھا دی گئی تو قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ فوری حل نہ ہوا تو 9مئی کو قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ ہوگا۔
ادھراسلام آباد، ملتان ، لاہور، کرچی سمیت کئی شہروں کے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا ہجوم لگ گیا، انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے لیے اہم پیغام جاری کردیا گیا۔ اپنے بیان میں انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہر کے تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود ہے، پیٹرول کی عدم فراہمی کے حوالے سے زیر گردش خبریں محض افواہیں ہیں، کوئی فیول پمپ آپ کی ضرورت سے کم پیٹرول دے تو فی الفور ہمیں آگاہ کریں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہری پیٹرول پمپ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبر 051 9108084 پر 24/7 رابطہ کر سکتے ہیں، شہریوں سے التماس ہے کہ پیٹرول کی قلت کے حوالے سے زیر گردش افواہوں پر یقین نہ کریں۔علاوہ ازیں5 مئی تک پمپس بند رکھنے کے حوالے سے آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا اہم بیان سامنے آگیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرخبریں گردش کر رہی ہیں کہ ملک بھر میںیکم سے 5مئی تک پیٹرول پمپس بند رہیں گے، ان خبروں کی وجہ سے عوام تذبذب کا شکار ہیں۔ تاہم اب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ہڑتال کی خبروں کی تردید کی گئی۔ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے واضح کیا کہ ہڑتال کی افواہ بے بنیاد ہے، ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

