جوابی حملے کا خدشہ، اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ

ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کے خدشے پر اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور حکومت نے شہریوں کو بم شیلٹرز کے قریب رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ملک میں اسرائیل کے فضائی حملوں پر ردعمل دیا ہے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونیریاست نے ہماری سرزمین کے خلاف گھناؤنا جرم کیا ہے، رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر اپنی بدنما فطرت کااظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ اللہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیے بغیر نہیں رکیں گے۔

اسرائیل کے ایران پر پے در پے حملے، اہم فوجی و دفاعی شخصیات کی ہلاکت کے دعوے

آیت اللہ خامنہ ای نے تصدیق کی کہ اسرائیل کے حملے میں کئی کمانڈر اور سائنسدان ہلاک ہوئے ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ان کمانڈرز اور سائنس دانوں کے جانشین اپنے فرائض انجام دے کر مشن جاری رکھیں گے۔
اسرائیل نے اپنے لیے تلخ اور تکلیف دہ قمست کا انتخاب کیا ہے اور اس میں شک ہی نہیں کہ اسے یہ سزا ضرور ملے گی۔