ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری،ہیٹ ویو کا امکان

کراچی/لاہور: محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، 9 سے 12 جون اسلام آباد، بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کے پی، کشمیر، جی بی میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان میں درجہ حرارت4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے، سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان میں شدید گرمی، گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے چترال، دیر اور بالائی علاقوں میں شام یا رات کو ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گرم وخشک موسم، دوپہر کے بعد گرد آلودہواؤں کا امکان ہے۔کشمیر،جی بی میں موسم گرم و خشک، شام کو جی بی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پاکستان میں مون سون بارشوں کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبراد کیا ہے کہ پنجاب میں 12 جون تک ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ساؤتھ پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے جبکہ سرگودھا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں عید کے تیسرے روز شدید گرمی کا راج رہا،محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔طبی ماہرین نے مزید کہا کہ گھر سے نکلنا مقصود ہو تو سر اور کندھے ڈھانپ کر رکھیں، گرمی کے دوران آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگا کر رکھیں۔