عید پر ٹریفک حادثات ،23 افراد جاں بحق، 65 زخمی

لاہور/ڈیر مراد جمالی/گھوٹکی:عید کی خوشیاں کئی گھروں میں غم میں بدل گئیں، ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک اور دیگر حادثات کے دوران کم از کم19 افراد جاں بحق جبکہ65 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں افسوسناک حادثے میں ایک کار کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔گھوٹکی میں 2 مختلف حادثات میں 4 افراد جان سے گئے اور 8 افراد زخمی ہوئے، حادثہ موٹروے ایم فائیو پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک الٹ گیا۔

دوسرے حادثے میں ڈہرکی بائی پاس پر ٹرالر کی زد میں آکر ایک خاتون دم توڑ گئی۔پنجاب کے شہر لیہ میں تیررفتارمسافر بس الٹ گئی، حادثے میں 2 افراد جان سے گئے جبکہ 26 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

جہلم میں 2 مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، 2 موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانے سے 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ راٹھیاں جی ٹی روڈ پر تیز رفتار 2 گاڑیاں ٹکرانے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔

اس کے علاوہ ننکانہ صاحب میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔فیصل آباد میں ملت روڈ پر رکشہ الٹ گیا، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔

خیرپور میں ٹرالر نے چنگچی رکشہ کو کچل دیا، حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ادھر ہری پور میں تربیلا جھیل میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب گئے۔ مقامی افراد نے دو بچوں کو بچا لیا، ایک بچے کی لاش نکال لی گئی جبکہ ایک کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی میں صدر تھانہ پولیس کی حدود میں زہری کیمپ کے قریب اندوہناک ٹریفک حادثے نے دو نوجوانوں کی جان لے لی۔ حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔

تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار اصغر علی اور فرحان علی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دونوں نوجوانوں کا تعلق ڈیرہ اللہ یار سے تھا۔حادثے کے بعد کار بے قابو ہو کر قریبی نہر میں جا گری، جبکہ کار میں سوار تین افراد شدید زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے ۔

چشتیاں میں حاصل پور روڈ پر تیز رفتار مسافر بس نے موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، حادثے میں کمسن بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔