اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملوں میں ایک بار پھر شدت پیدا کر دی ہے اور گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران فضائی بمباری کے نئے سلسلے کے ساتھ کئی علاقوں سے انخلاء کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
غزہ کے علاقے صبرا میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 37 فلسطینی شہید ہو گئے۔
سول ڈیفنس کے مطابق ملبے تلے اب بھی 85 سے زائد افراد دبے ہوئے ہیں اور غالب گمان ہے کہ ان سب کی موت واقع ہو چکی ہے۔
جبالیا میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے شہریوں کے ایک گروہ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
جنوبی غزہ میں ایک گھر اور موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 21 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔
مجموعی طور پر صرف ہفتے کی صبح سے اب تک 95 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 18 مارچ سے جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 4,497 فلسطینی جان سے جاچکے ہیں۔
