پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے 102واقعات رپورٹ

پاکستان میں مسافر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مزید اضافہ ہوگیا۔پی آئی اے رپورٹ کے مطابق 2024ء میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 102واقعات ہوئے، سب سے زیادہ واقعات اے 230طیاروں کے ساتھ پیش آئے۔

زیرجائزہ عرصے کے دوران لاہورایئرپورٹ پر 28، اسلام آباد18، کراچی میں 17 واقعات پیش آئے، ملتان ایئرپورٹ پر 14اور فیصل آباد میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 6واقعات ہوئے،پرندے ٹکرانے سے 9طیارے متاثر ہوئے۔رپورٹ کے مطابق 2024ء میں پرندے ٹکرانے سے قومی ایئرلائن کے3طیارے متاثر ہوئے، طیاروں سے پرندے ٹکرانے پر قومی ائیرلائن کو ہرسال ہزاروں ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔

رواں سال کے پہلے 5ماہ میں پرندے ٹکرانے کے 25واقعات رپورٹ ہوئے، جنوری تا مئی 2025ء اے320کے14،بوئنگ 777کے10واقعات رپورٹ ہوئے۔لاہور میں 6، ملتان میں 5اور کراچی میں دو واقعات پیش آئے، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ ایئرپورٹس پر 2،2حادثات رپورٹ ہوئے، اپریل 2025ء میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے7واقعات پیش آئے۔

ترجمان قومی ایئرلائن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحی پر شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مقررہ جگہ پرتلف کریں، آلائشیں ایئرپورٹس کے قریب نہ پھینکیں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کا خطرہ ہے، ایئرپورٹس کے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھیں حفاظتی اقدامات میں تعاون کریں، ذرا سی لاپرواہی بڑے فضائی حادثے کا باعث بن سکتی ہے ۔