جدہ :سعودی وزارت حج وعمرہ نے مناسکِ حج کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی،دنیا بھر سے 20لاکھ کے قریب عازمین سعودی عرب پہنچ گئے۔
حجاج کرام کل رات سے ہی منیٰ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ خیمہ زن ہونگے اور مناسک حج کا باضابطہ آغاز ہوجائے گا۔ عازمین تمام پانچوں نمازیں منیٰ میں ادا کریں گے جس کے بعد رات سے ہی میدان عرفات روانگی کا سلسلہ شروع ہوگا جو 9ذی الحجہ کی صبح کے بعد تک جاری رہے گا ، عازمین یہاں خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔
سعودی حکومت نے حج کے لیے حرم مکی اور مشاعر مقدسہ میں سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک کنٹرول اور دیگر شہری سہولیات کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اللہ کے مہمانوں کی خدمت پر مامور سیکیورٹی فورسز، شہری دفاع، ہلال احمر اور دیگر اداروں کے اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی شروع کر دی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام سے کہا ہے کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران ہدایات کی پابندی کریں، اپنے گروپ کے ساتھ رہیں اور بھیڑ میں الگ نہ ہوں۔
حکام کے مطابق مکہ مکرمہ کے حرم شریف اور مشاعر مقدسہ میں 14 ہزار کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جو سیکیورٹی اداروں کی نگرانی میں کام کریں گے۔مناسک حج کے دوران سعودی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے علاوہ ریسکیو ٹیمیں، طبی امدادی کارکنان اور دیگر رضا کار بھی خدمات انجام دیں گے۔
وزارت کی جانب سے جاری ہدایات میں زور دیا گیا کہ ‘یوم عرفہ’ کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک خیموں سے باہر نہ نکلیں۔ شدید گرمی کے پیش نظر ان اوقات میں ‘جبل الرحمہ’ اور ‘مسجد نمرہ’ نہ جائیں تاکہ ‘لو’ لگنے کے خدشات سے محفوظ رہ سکیں۔
وزارتِ حج کا مزید کہنا تھا’ عازمین حج اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق دیگر مناسک ادا کریں جو ان کے اداروں کی جانب سے انہیں جاری کیے جائیں گے۔’مشاعرمقدسہ میں ٹرانسپورٹیشن کے لیے مقررہ ٹرانسپورٹ استعمال کریں جو ان کے پروگرام میں شامل ہے۔
علاوہ ازیں دن میں جب موسم شدید گرم ہوتا ہے ایسے میں پیدل طویل مسافت طے کرنے سے اجتناب برتیں۔وزارت نے ‘نسک’ کارڈ کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ حجاج اسے ہمہ وقت اپنے ہمراہ رکھیں اور متعلقہ اہلکاروں کے طلب کرنے پر پیش کریں۔
