کوہاٹ ،بنوں :صوبہ خیبرپختونخوا کے شہروں کوہاٹ اور بنوں میں دو الگ الگ دھماکوں میں دو افراد جاںبحق اور متعد زخمی ہوگئے جبکہ ایک رہائشی مکان اور ایک زیر تعمیر عمارت کو شدید نقصان پہنچا ۔ کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل کے ایک گھر میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کا معلوم نہیں ہوسکا، دھماکے کی اطلاع ملنے پر ریسیکو اہلکار موقع پر پہنچے، اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ریسیکو حکام کے مطابق دھماکا گھر کے اندر ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ریسیکو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے یا دستی بم گھر کے اندر پھینکا گیا؟ اس بارے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ شواہد اور معلومات جمع کرکے حتمی طور پر کچھ بتائے گا، فی الحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قریبی ہسپتال میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا جارہا ہے، مرنے والوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے سپرد کی جائیں گی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں کے تھانہ ککی کی حدود میں واقع نیکم ککی کے علاقے میں ریسیکو 1122کے زیر تعمیر دفتر کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق شرپسندوں نے عمارت میں نصب بارودی مواد کے ذریعے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ادھروادی تیراہ کے علاقے شلوبر میں امن لشکر کا رکن نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق امن لشکر کے رکن کی شناخت بہادر شیر کے نام سے ہوئی، مقتول گھر جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔امن لشکر کے رکن کو قتل کرنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔