حیدرآباد:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم غزہ میں اسرائیلی مظالم رکوانے کے لیے اسلامی ممالک اور فلسطین کے دوست ممالک کے سربراہان کا اجلاس بلائیں۔ بہت جشن منا لیا اب مسئلہ کشمیرکوپہلی ترجیح بنانا ہوگا۔
حیدر آباد میں اسرائل بھارت مردہ باد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ڈالروں کا بھتہ وصول کرکے چلا گیا، مسلم حکمران غزہ کے قتل عام میں شریک ہے،اب پاکستان کو اپنا قائدانہ کردارادا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارے نہتے شہریوں پرحملہ کیا، مسلح افواج نے بھارت کودندان شکن جواب دیا۔
بھارت کی حیثیت اب دنیاکے سامنے ختم ہوتی جارہی ہے، کشمیراورفلسطین کی آزادی کے لیے پیشرفت کی جائے، ہم اسرائیل اورامریکا کیخلاف ہیں، غزہ میں بچے بھوک سے شہید ہو رہے ہیں۔ حکومت کوبھارت کو بے نقاب کرنا ہوگا، بھارت کیساتھ کشمیرپربات کی جائے، بھارت کیساتھ تجارت کے بجائے کشمیر اور پانی کے مسئلے پر بات کرنا ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیل کا سرپرست ہے، غزہ پر بم نیتن یاہو ہی نہیں ٹرمپ بھی پھینک رہا ہے، پاکستان کی حکمران اور اپوزیشن جماعتیں امریکا کی مذمت نہیں کرتیں، ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی واشنگٹن کی مذمت سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ پر خاموش تماشائی ہے، یہ عراق، جنوبی سوڈان کے معاملے پر ایکٹو ہوجاتی ہے، پاکستان چین سے بات کرے۔