جدہ :سعودی عرب میں 49ویں عظیم الشان حج سمپوزیم کا آغاز اتوار کو ”حج ادا کرنے کی استعداد اور عصری ترقیات”کے عنوان سے شروع ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق جدہ کے رٹز کارلٹن ہوٹل میں منعقد ہونے والے اس سمپوزیم کا اہتمام وزارت حج و عمرہ نے کونسل آف سینئر سکالرز اور کنگ عبدالعزیز فانڈیشن کے تعاون سے کیا ہے۔
یہ سمپوزیم اسلامی قانون میں استعداد اور قابلیت کے تصور پر روشنی ڈالنے اور عصری پیش رفت کی روشنی میں فقہی جہتوں پر بحث کرنے کی وزارت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے مناسک حج کی انجام دہی کو آسان بنانے اور اسلامی قانون کے مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔سعودی عرب عازمین حج کے سفری تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی آپریشنل سسٹم متعارف کرا رہا ہے۔
”آپریشنل سسٹم”کی سربراہی رائل کمیشن کر رہا ہے۔ تاکہ مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات کے لیے بہتر انتظامات ہو سکیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق رائل کمیشن حکام نے کہاکہ ٹیکنالوجی کی مدد سے سمارٹ سلوشنز اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر زور دیا گیا ہے۔ تاکہ لاکھوں عازمین حج کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ نیز بہترین کارکردگی کا عملی مظاہرہ ہو سکے۔بتایا گیا ہے کہ مربوط ڈیجیٹل ٹولز کی مدد سے کمیشن نے کارکنوں کو با اختیار بنایا ہے۔ تاکہ فوری ریسپانس کے ذریعے عازمین حج کی خدمت کی جا سکے۔
رائل کمیشن کے سی ای او صالح بن ابراہیم الراشد نے کہا ‘سفر حج میں سہولیات کی فراہمی کے لیے تیاریاں کی ہیں۔ اس سلسلے میں آپریشنل سرگرمیوں کے ذریعے متعلقہ حکام کو با اختیار بنایا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے حج 1446ہجری کے آغاز سے اب تک 81ہزار سے زائد حجاج کرام طبی خدمات فراہم کر چکی ہے۔ یہ خدمات وزارتِ صحت کے زیر نگرانی ایک جامع اور مربوط نظام کے تحت فراہم کی جاتی ہیں۔ ان کا مقصد حجاج کو معیاری صحت کی سہولیات تک بآسانی رسائی فراہم کرنا اور انہیں بہترین طبی خدمات مہیا کرنا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس کے ساتھ فراہمی صحت سہولیات اور کسی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل کی صلاحیت کو مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ حجاج کی صحت کو درپیش امکانی خطرات کو کم کرتے ہوئے ضیوف الرحمان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے حج کے دوران سیکورٹی کے فرائض انجام دینے والی فورسز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ جائزہ اس سال 1446ہجری کے حج سیزن میں شریک سیکورٹی فورسز کے سالانہ تقریب کے موقع پر لیا گیا۔
شاہ عبد العزیز یونیورسٹی کے طلبہ نے عازمین حج کو سفر میں آسانی فراہم کرنے کے لیے موبائل اپیلیکشن تیار کی ہے۔ یہ موبائل ایپ دوران حج درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی طلبہ کی بنائی گئی یہ موبائل ایپ نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ خصوصا لاکھوں عازمین کی موجودگی میں اگر کوئی اپنے گروپ سے دور ہو جائے تو اس ایپلیکیشن کی مدد سے اس کو آسانی سے تلاش کیا جا سکے گا۔