کابل: افغانستان کی وزارت خارجہ نے پاکستان کی جانب سے کابل میں سفیر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلام آباد کے لیے اپنے سفیر کی تعیناتی کا اعلان کر دیا۔
یہ اقدام گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے کابل میں اپنے ناظم الامور عبیدالرحمن نظامانی کو سفیر کا درجہ دیتے کے بعد سامنے آیا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان نے 2021میں افغان طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار افغانستان میں اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔
یہ اقدام کابل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے اور افغان طالبان انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی اسلام آباد کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے جبکہ یہ پیش رفت چین میں پاکستان، افغانستان اور چینی وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔ کابل میں پاکستان کے ناظم الامور عبید الرحمن نظامانی کو سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
دریں اثناء قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی پاکستان کی سرکاری دعوت پر اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔کابل اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کی جاری کوششوں کے سلسلے میں سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ امیر خان متقی آئندہ دنوں میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔یہ دورہ 3دن پر محیط ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دو طرفہ امور پر توجہ مرکوز کرے گا۔ذرائع کے مطابق، متقی کا یہ دورہ اعلی سطح کے سفارتی روابط کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
