نئی دہلی:بھارت نے سرکاری طور پر تسلیم کرلیا کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان پر حملے کے دوران پاکستانی فضائیہ نے جنگی طیارے مار گرائے۔ چیف آف ڈیفنس جنرل انیل چوہان نے بلومبرگ سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے طیارے کھوئے ہیں۔بھارت نے پاکستان کے ہاتھوں جنگی طیارے گرائے جانے کو سرکاری طور پر تسلیم کرلیا۔
بھارت کے چیف آف ڈیفنس جنرل انیل چوہان نے بلومبرگ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کیخلاف لڑائی میں ہم نے جنگی طیارے کھوئے ہیں۔جنرل چوہان نے اقرار کیا کہ اہم یہ نہیں کہ وہ طیارے گرائے گئے، اہم یہ ہے کہ کیوں گرائے گئے۔
گرنے والے طیاروں کی تعداد سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے وہ بار بار لفظ ”وہ” کا استعمال کرتے رہے۔ انہوں نے ساتھ ہی پاکستان کے 6 طیارے مار گرانے کے دعوے کو بھی “غلط” قرار دیا لیکن گرنے والے بھارتی طیاروں کی تعداد نہیں بتائی۔
انٹرویو میں جنرل چوہان نے مزید کہا کہ ہم نے فضائی لڑائی کے دوران غلطیاں کیں، ہم نے اپنی غلطی پہچانی، دو دن بعد اصلاح کی۔بھارتی جنرل نے بلومبرگ سے گفتگو میں امریکی ثالثی یا جوہری جنگ کے خطرے کو ”غیر حقیقی” قرار دیا۔
چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 4 روزہ تنازع کبھی ایٹمی جنگ کے قریب نہیں پہنچا۔سی این این اور رائٹرز نے مہینے کے شروع میں رپورٹ کیا تھا کہ امریکی اور فرانسیسی حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان نے چین سے حاصل کردہ طیارے کی مدد سے ہندوستانی جیٹ طیارے کو گرایا۔
سی این این نے سینئر امریکی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے تجزیے کے مطابق پاکستانی فورسز نے پاکستان کے اندر ہندوستان کے فضائی حملوں کے دوران جیٹ کو مار گرایا۔فرانس کے اعلیٰ انٹیلی جنس اہلکار نے بھی سی این این کو بتایا کہ ہندوستانی فضائیہ کے زیر استعمال رافیل لڑاکا طیارہ پاکستان نے مار گرایا۔
بی جے پی کے سینئر سیاستدان پہلے ہی گزشتہ روز 5 بھارتی جیٹ طیاروں کو گرائے جانے کااعتراف کرچکے ہیں۔