اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی کال پر تحریک کی منصوبہ بندی شروع کردی اور صوابی کی بجائے ہری پور کے پہاڑوں میں ٹینٹ ویلج لگانے کا فیصلہ کرلیا جبکہ ٹینٹ ویلج میں خیبر پختونخوا کے ہر ضلع کا اپنا زون ہو گا۔
نجی ٹی وی سے بات چیت کے دوارن پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ موسم کی شدت اور اسلام آباد سے دوری کی وجہ سے صوابی میں دھرنے کی بجائے ہری پور کے پہاڑوں میں ٹینٹ ویلج لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے مظاہرین کے لیے کھانا، پانی اور سینیٹیشن کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔
جس میں نہ صرف سینٹرل فنڈز کے لیے اورسیز پاکستانیوں کی مدد لینے پر غورہو رہا ہے بلکہ تمام اضلاع اپنا فنڈ بھی اکھٹا کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق منصوبہ بندی اور لاجسٹک کے حصول میں 2 سے 3 ہفتوں کا وقت لگ سکتا ہے۔
نجی ٹی وی کے سوال کہ تحریک کو لیڈ کون کرے گا کے جواب پر ذرائع کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا مل کر تحریک کو لیڈ کریں گے۔