واٹس ایپ جلد ہی اپنے ویب ورژن کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر ’چیٹ میڈیا ہب‘ متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کا مقصد صارفین کو چیٹس میں شیئر کی گئی میڈیا فائلز تک فوری اور آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
واٹس ایپ اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی معروف ویب سائٹ کے مطابق، یہ نیا سیکشن ویب ورژن کی سائیڈ بار میں شامل کیا جائے گا۔ اس کی مدد سے صارفین تمام چیٹس میں بھیجی گئی تصاویر، ویڈیوز، گفز، دستاویزات اور لنکس کو ایک ہی جگہ پر دیکھ اور منظم کر سکیں گے، بغیر یہ کہ انہیں ہر چیٹ علیحدہ علیحدہ کھولنی پڑے۔
یہ فیچر صارفین کو نہ صرف تمام میڈیا ایک جگہ دیکھنے کی سہولت دے گا، بلکہ فائلز کے ساتھ شیئر کرنے والے کا نام اور شیئر کرنے کی تاریخ بھی دکھائی جائے گی۔
صارفین مختلف فائلز کو تاریخ، سائز یا دیگر فلٹرز کے ذریعے ترتیب دے سکیں گے، جبکہ کیپشن کے ذریعے مخصوص فائلز کو تلاش کرنا بھی ممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ، ایک ساتھ کئی فائلز کو منتخب کرکے انہیں ڈیلیٹ، ڈاؤن لوڈ یا فارورڈ بھی کیا جا سکے گا، جس سے وقت کی بچت ہوگی۔
یہ فیچر اُن افراد کے لیے خاص طور پر مفید ہوگا جو بار بار چیٹس کھولے بغیر اہم فائلز جیسے تصاویر یا پی ڈی ایفز تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ اسٹوریج مینجمنٹ کو بھی آسان بنائے گا، کیونکہ صارفین بڑی فائلز کو جلدی شناخت کر کے حذف کر سکیں گے۔
فی الحال یہ فیچر ابتدائی مراحل میں ہے اور بیٹا ورژن میں بھی دستیاب نہیں، تاہم توقع ہے کہ واٹس ایپ جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے جاری کر دے گا۔