فتنہ الہندوستان بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرپرست بن گئی

اسلام آباد:فتنہ الہندوستان بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی سرپرست اعلیٰ بن گئی، معرکہ حق ” آپریشن بنیان مرصوص” میں تاریخی شکست کے بعد مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی۔رپورٹ کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کی معاونت سے دہشتگرد کارروائیاں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسیاں پراکسیز کو مالی معاونت فراہم کر تی ہیں۔

سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ پراکسیز نہ صرف حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ہیں بلکہ کالعدم تنظیموں کو تربیت اور اسلحہ بھی فراہم کرتی ہیں، بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کے کالعدم تنظیموں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ سرکاری روابط بھی قائم ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کے ساتھ ساتھ بھارتی میڈیا بھی دہشتگردوں کی پشت پناہی میں پیش پیش رہا، پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں کی خبر سب سے پہلے بھارتی میڈیا دیتا ہے۔

دہشتگردانہ حملے کی خبر بھارتی ذرائع ابلاغ کے اکاؤنٹس سے جاری ہوتی ہے جسے بھارتی میڈیا پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔بھارتی چینلز کے اینکرز نے حکومت کو مشورہ دیا کہ کالعدم تنظیموں کا دفتر دہلی میں ہونا چاہیے، بھارتی حکومت ان کالعدم تنظیموں کو سرکاری سطح پر معاونت فراہم کرے تاکہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور داخلی خودمختاری کو نقصان پہنچایا جاسکے۔سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار اور بھارتی فوج نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کا یہ رویہ نہ صرف علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی برادری ، فتنہ الہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کا سختی سے نوٹس لے۔