مختلف شہروں میں مزیدآندھی ، بارش کا امکان، کراچی میں گرمی برقرار

اسلام آباد /لاہور/ کراچی:ملک کے مختلف مقامات پر آ ئندہ 24گھنٹوں میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں آندھی اور بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، میانوالی، اوکاڑہ، قصور، گجرات، سیالکوٹ میں مزید بادل برسیں گے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، بارکھان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بٹگرام اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ملک کے مختلف حصوں میں شدید آندھی اور طوفانی بارشوں کے باعث اموات کی تعداد 19 تک جاپہنچی جبکہ 90 سے زائد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب املاک کو نقصان پہنچنے کے علاوہ بڑے پیمانے پر بجلی بھی معطل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بھی تیز ہوا، ژالہ باری اور شدید بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ مختلف مقامات پر درخت گرنے کی اطلاعات ملیں۔خیبر پختونخوا میں شدید ہواؤں اور ژالہ باری نے فصلوں اور بجلی کی ترسیلی لائنوں کو شدید نقصان پہنچایا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

صوبے بھر میں 113 سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، جبکہ پشاور، مردان، خیبر، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہوا، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور ریسیکو 1122 کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور اور جہلم میں 3،3، سیالکوٹ اور مظفرگڑھ میں 2،2 جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، ملتان، راجن پور، حافظ آباد، میانوالی، جھنگ اور لیہ میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی، زیادہ تر اموات دیواریں یا چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں۔

ریسیکو حکام کے مطابق شیخوپورہ میں ایک فیکٹری کی چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، راولپنڈی کے علاقے فوجی کالونی میں ایک بزرگ شخص دیوار گرنے سے جاں بحق ہوا، اٹک کے علاقے جند میں ایک بچہ دیوار گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔سوات، مردان، پشاور، خیبر، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں آندھی اور ژالہ باری کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور مینگورہ میں طلبہ کو امتحانات اندھیرے میں دینا پڑے۔

ادھربحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کے باعث کراچی میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی نظام کے سبب شہر میں دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی، جس کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ماہرین موسمیات نے بتایاکہ سورج کا پارہ پیر سے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے، جبکہ سمندر کے قریب واقع علاقوں میں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری تک محسوس کیا جا سکتا ہے۔

گرمی کی اس شدید لہر کے دوران شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے، دھوپ میں سفر سے گریز کرنے اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے وقت سمندری ہوائیں جزوی طور پر بحال ہونے کا امکان ضرور موجود ہے، تاہم دن کے اوقات میں گرمی کی شدت بدستور برقرار رہے گی۔