معاشی میدان میں بھی بنیان مرصوص کو کامیاب بنائیں گے، احسن اقبال

اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی، معاشی میدان میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی ہے، اب معاشی میدان میں آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا شمار دنیا کے کم ترین ٹیکس ادا کرنیوالے ملکوں میں ہوتا ہے، ہمارے ترقی کے خواب بڑے ہیں،لیکن ہماری ٹیکسوں کی ادائیگی کم ترین ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کوساڑھے 10 فیصد سے 16 یا 18فیصد تک لے کر جانا ہے، اس کے لیے پاکستان کا ہر شہری اپنی آمدن پر ٹیکس ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹیکس ادا کررہے ہیں،وہ ٹیکس چوری کیخلاف چوکیدار کاکردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرہم نے مستقل پائیدار ترقی کرنی ہے تو اس کا راستہ برآمدات کے فروغ میں ہے، یہ فروغ 1،2ارب ڈالر کاسالانہ بنیادوں پرنہیں بلکہ5،10 ارب ڈالر کی چھلانگیں چاہیئں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو ایک جدید ٹیکنالوجی بیس ملک بنانے کے لیے اگلے بجٹ میں اقدامات تجویز کر رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے سائنس دانوں نے، ہمارے انجینیئرز نے دفاع کے شعبے میں دو سنگ میل عبور کیے، 28 مئی کو ایٹمی دھماکوں سے ہمیں ایٹمی طاقت بنایا اور 10مئی کو ہماری افواج نے دندان شکن جواب دے کربھارت کا غرور خاک میں ملایا۔