پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش، حادثات میں 8 افراد جاں بحق

اسلام آباد : ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کا راج ہے، تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے مختلف اضلاع اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، جبکہ مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہو گئے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ سیاہ بادل جم کر برسے، موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے جل تھل ایک کر دیا، جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ اسلام آباد میں طوفانی بارش سے قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹین کا شیڈ گر گیا۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے قبل سیاہ گھٹاؤں نے دن میں ہی رات کا سماں پیدا کر دیا۔ راولپنڈی میں شمس آباد پر 32، پی ایم ڈی 29، گولڑہ کے مقام پر 10 ملی میٹر اور کچہری میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ لاہور میں آندھی کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جبکہ فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ آندھی رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا، موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ ترجمان لیسکو نے کہا کہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں، دوران بارش اپنے بچوں اور پالتو جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔ اسی طرح گوجرانوالہ اور اطراف میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش ہوتے ہی گیپکو کے کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
دریں اثنا، سیالکوٹ اور اس کے اطراف میں موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے۔ سیالکوٹ میں بارش سے متعدد مقامات پر درخت اورٹریفک سگنل گرگیا، ریسکیو کے مطابق ڈسکہ میں مارکی کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ سرکاری پاکستان ٹیلی ویڑن کے مطابق شیخوپورہ میں شدید آندھی کے باعث مقامی فیکٹری کی چھت گر گئی جس کے باعث صادق آباد کا رہائشی مزدور جاں بحق اور پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 شیخوپورہ کی امدادی ٹیموں نے جاں بحق اور زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ منتقل کیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر میں طوفان کے باعث نقصانات بارے ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ آندھی و طوفان کے باعث 8 شہری جاں بحق اور 45 زخمی ہوئے، جہلم میں3 شیخوپورہ، راولپنڈی، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ اور میانوالی میں ایک، ایک شہری جاں بحق ہوا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر ہونے کے باعث ہوئیں، مزید رپورٹ کیا کہ طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور میں بھی درختوں کے گرنے اور سولر پینلز کو نقصانات کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ادھر، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی اور صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی۔ ریلیف کمشنر پنجاب کا کہنا تھا کہ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں، حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ادھر، ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، خراب موسم اور آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر ہر گز نہ رکیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں، ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
ادھر، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، مینگورہ، چارسدہ، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی اور مالاکنڈ ڈویڑن میں بارش اور ڑالہ باری نے سیاحتی مقامات کا حسن دوبالا کردیا، ٹھنڈی ہواؤں نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔ سوات میں بارش کے ساتھ ڑالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، سیاحوں نے موسم بدلتے ہی بھرپور لطف اٹھایا، بارش سے سوات کے ندی نالے پانی سے بھرگئے، سڑکوں پربچے اوربڑے موج مستیاں کرتے نظر آئے۔ پشاور میں بھی ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، تیز ہواؤں سے کچھ مقامات پر سائن بورڈز بھی اکھڑ گئے۔
مانسہرہ اورگرد و نواح میں بھی تیز بارش اور ہواؤں نیموسم کیتیور بدل دیے، کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز آندھی کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔ ہری پور اورگرد و نواح میں بھی ابر رحمت برسنے سے گرمی سے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
ادھر، ترجمان موٹروے کے مطابق پنجاب کے مختلف مقامات پر تیز آندھی، طوفان اور تیز ہوا کے نتیجے میں موٹروے ایم 2 کو ٹھوکر سے کوٹ مومن تک بند کر دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند کردیا گیا،اسی طرح لاہورـسیالکوٹ موٹروے کو بھی شدید طوفان کی وجہ سے بند کردیا گیا۔
سندھ اور بلوچستان میں سورج کا مزاج انتہائی گرم ہے، سندھ اوربلوچستان کے میدانی علاقوں میں بڑھتے درجہ حرارت نیشہریوں کوپریشان کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع ہفتہ کے روز بھی شدیدگرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہے، دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت بھی زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 52 ڈگری اور دادو میں 51 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔