PMDC

کالجز کی فیسیں محدود کرنے کے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری


پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی فیسوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

پی ایم ڈی سی کی رجسٹرار ڈاکٹر شائستہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2025ء میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل پی ایم ڈی سی کے تحت دیئے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ، 2022ء کے سیکشن 20 (7) اور (8) کے تحت ٹیوشن فیس کو محدود / طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے تمام سیشنز کیلئے فیس 18 لاکھ روپے ہوگی، جبکہ سیشن 2025ء کیلئے اس میں 5 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر کالج پہلے ہی طلباء سے مقررہ حد سے زیادہ فیس وصول کرچکا ہے تو فیس اور ذیلی معاملات، جو یا تو واپس کیے جائیں گے یا بعد کے سیشنز میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔

مزید فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو ادارے اپنی مالی ضروریات پر یقین رکھتے ہیں اور انہیں زیادہ سے زیادہ فیس کی ضرورت ہے، زیادہ سے زیادہ 25 لاکھ روپے تک فیس وصول کرنے کیلئے مالیاتی تفصیل جمع کرائیں گے اور پی ایم اینڈ ڈی سی کے جواز تشخیص کے بعد پی ایم اینڈ ڈی سی کی طرف سے اس کی منظوری دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس طرح کے فیس ڈھانچے کیلئے تشخیصی معیار الگ سے جاری کیا جائے گا، تمام نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کیپڈ/فکسڈ فیس کی تعمیل کریں، ٹیوشن فیس کے معاملے پر ناکام ہونے کی صورت میں کالجز سزا کے نتائج کے ذمہ دار ہوں گے۔