پاکستان سمیت عالمی منڈیاں بدترین مندی کی لپیٹ میں

کراچی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف کے نفاذ کے بعد چین کی جانب سے امریکا پر بھاری محصولات عائد کیے جانے کے بعد تجارتی جنگ بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ایس 100 انڈیکس میں 3 ہزار 882 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، شدید مندی کی وجہ سے کاروبار 45 منٹ کے لیے روک کر پھر بحال کیا گیا، جبکہ عالمی اسٹاک مارکیٹیں بھی کریش کر گئیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 882 پوائنٹس یا 3.27 فیصد کی کمی سے ایک لاکھ 14 ہزار 909 پوائنٹس کی سطح پر آگیا، جو آخری کاروباری روز ایک لاکھ 18 ہزار 791 پر بند ہوا تھا۔

یاد رہے کہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 8 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے اس کمی کی وجہ سرمایہ کاروں کے اس خدشے کو قرار دیا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف میں اضافے سے کمزور طلب کی وجہ سے عالمی کساد پیدا ہوسکتی ہے۔