ٹیکسلا کو تہذیبوں کا عالمی شہر بنانے کے منصوبے پر عمل درآمد تیز

لاہور:پنجاب حکومت نے ٹیکسلا کو تہذیبوں کا عالمی شہر بنانے کے منصوبے پر عمل درآمد تیز کر دیا۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹیکسلا کا دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوئوں پر اجلاس کی صدارت کی۔ٹیکسلا ہیریٹیج اتھارٹی کے قیام کے لیے فوری طور پر طریقہ کار تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی جبکہ پہلے مرحلے میں شہر کی بحالی اور دوسرے مرحلے میں اسے انٹرنیشنل ٹورسٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا۔

پندرہ دن کے اندر ٹیکسلا آرٹس اینڈ کرافٹس ویلیج کو دوبارہ فعال کرنے اور عالمی معیار کی ٹورازم پالیسی کا پہلا مسودہ پیش کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ٹیکسلا کو تجاوزات سے پاک کرنے، شہر کے مینجمنٹ پلان کو حتمی شکل دینے اور تاریخی مقامات کی حفاظت و بحالی کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے وژن کے مطابق ٹیکسلا کے ثقافتی ورثے اور آثار قدیمہ کو محفوظ بنایا جائے گا۔ پاکستان گندھارا سمیت قدیم تہذیب و ثقافت اور ورثے کا گہوارہ ہے۔اجلاس میں سینٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ، ارکان اسمبلی، سیکرٹری سیاحت، کمشنر راولپنڈی، آر پی او اور ڈی سی راولپنڈی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب 170 سیاحتی مقامات اور راستوں کی بحالی کی اصولی منظوری دے چکی ہیں۔