چین کا جوابی وار، امریکی درآمدات پر 34 فیصد ٹیرف عائد

بیجنگ : امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف عائد کرنے کے بعد چین نے بھی امریکی درآمدات پر 34 فیصد ٹیرف عائد کر دیا۔

چین نے امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف کے جواب میں امریکی درآمدات پر 34 فیصدٹیرف عائدکر دیا، جس کے بعد دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ شدت اختیار کرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

خبر ایجنسی نے بتایا کہ بیجنگ نے امریکی اشیا ء پر 10 اپریل سے اضافی ٹیرف لگانے کا بھی اعلان کیا۔چینی وزارت تجارت نے کہا کہ چین کی جانب سے ٹیرف کا اعلان ٹرمپ کے اقدام کے جواب میں کیاگیا، امریکا کا یہ اقدام یکطرفہ غنڈہ گردی ہے۔چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ بیجنگ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے بجائے سخت جواب دے گا۔