وزیر اعظم کا بجلی ریلیف کا اعلان،مشیر خزانہ کے پی نے بڑا دعویٰ کردیا

پشاور:مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ بجلی ٹیرف ریلیف صرف تین ماہ کے لیے دیا گیا ہے جبکہ اس میں لائف لائن صارفین کے لیے کچھ بھی فائدہ نہیں۔

اپنے ایک بیان میںمزمل اسلم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا پیش کردہ عارضی پیکیج دراصل پی ٹی آئی حکومت کے سرمائی پیکیج کی نقل ہے مگر اس سے نہ صنعت نہ زراعت اور نہ ہی عوام کو کوئی حقیقی فائدہ ملنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں دیا گیا سرمائی پیکیج اس عارضی سکیم کے مقابلے میں کہیں زیادہ منافع بخش تھا۔

وزیراعظم کا پیش کردہ ٹیرف صرف 10روپے پیٹرولیم لیوی اور سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ پر مبنی ہے جس میں آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی شرائط کا حصہ برائے نام ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ واقعی ریلیف ہے تو پھر عوام نے سردیوں میں بجلی کا استعمال کیوں کم رکھا؟ کیا اس نئے پیکیج سے کھپت بڑھے گی؟۔

مشیر خزانہ نے شہباز شریف کی جانب سے 1.9روپے فی یونٹ منفی کوارٹر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا اور کہا کہ یہ منطق ناقابل فہم ہے، بالکل اسی طرح جیسے پیٹرولیم لیوی کریڈٹ لینے کی منطق سمجھ سے باہر ہے۔مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا ریلیف صرف اپریل سے جون تک محدود ہے اور اس میں لائف لائن صارفین کو شامل ہی نہیں کیا گیا۔