کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے آغاز پر ہی ا سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 793 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔
واضح رہے جمعرات کو کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1131 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 18 ہزار 938 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔واضح رہے کہ ملک میں عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد امریکی صدر کی جانب سے 180 ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کے باوجود جمعرات کے روز پی ایس ایکس میں 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا تھا۔
ادھروزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک ہی دن میں 1800 پوائنٹس بڑھنے اور1200000 کی نئی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا ہے ۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کی مثبت سمت حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
بجلی کی نرخوں میں ایک بڑی کمی کی گئی ہے جس سے نا صرف گھریلو صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ یہ کاروباری برادری اور صنعتوں کے لئے بھی خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران معاشی اشاریوں اور کاروباری ماحول میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے مثبت ماحول فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے۔