بلوچستان میں پھر دہشتگردی’سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 10شہید

کوئٹہ :بلوچستان پھر دہشتگردوں کے نشانے پرآگیا، سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 10افراد شہید ہوگئے۔
کوئٹہ میں ڈبل روڈ کے قریب پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں3 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوئے۔ دھماکا خیز مواد جائے وقوعہ پر کھڑی موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا، ڈھائی کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے سے پولیس وین اور ایک موٹرسائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔
قبل ازیں پسنی اورماڑہ کے درمیان کلمت کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے 6 افراد کو اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا، 5 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی نے ہسپتال میں دوران علاج دم توڑا۔
پولیس حکام کے مطابق بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے، جاں بحق ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے۔
ادھر مستونگ میں کار پر فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکارجاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ لیویز چوکی پر مسلح افراد نے گاڑی کو آگ لگا دی۔
صدر مملکت نے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصرکی بزدلانہ کاروائیاں حیوانیت کی عکاسی کرتی ہیں۔