ریاض:سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں افراد نے رمضان کی 27ویں شب کو عشا اور تراویح ادا کی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور زائرین افطار سے بہت پہلے حرمین پہنچنا شروع ہوگئے ۔مسجد الحرام میں تیسری توسیع ، تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔
الحرمین الشریفین انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تاکہ زائرین کو عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ادھررمضان کے مہینے کے آغاز سے لے کر آج تک عمرہ سیزن کے لیے نامزد 4 سعودی ایئرپورٹس نے 25,000ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے 45لاکھ سے زائد مسافروں اور معتمرین کا استقبال کیا ہے۔
ان میں سب سے آگے مدینہ منورہ کا شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ رہا جو معتمرین کے استقبال کے لیے دوسرا بڑا ایئرپورٹ بھی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ آپریٹنگ کمپنی طیبہ میں آپریشنز کے ایگزیکٹو نائب صدر انجینئر عبداللہ الریمی نے کہا کہ مدینہ ایئرپورٹ پر موجودہ صلاحیتوں کی روشنی میں ہم اب 8لاکھ سے زیادہ مسافروں تک پہنچ چکے ہیں۔
توقع ہے کہ سیزن کے اختتام تک یعنی شوال کی چوتھی تاریخ تک اوسطا روزانہ مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 39ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔