اسرائیل نے ایک دن میں 170بچے موت کی نیند سلادیے

غزہ:اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ 18 مارچ کو غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں 170 سے زیادہ بچے شہید ہوئے۔
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور(او سی ایچ اے)نے کہا ہے کہ غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملوں شہید ہونے والے 404 افراد میں 170 سے زیادہ بچے اور80سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔
اسرائیل نے غزہ میں دوسرے دن بھی وحشیانہ حملے جاری رکھے اور ثالثوں کی جانب سے جنگ بندی کی کوششوں کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔
قابض اسرائیلی فضائی حملوں میں سات شہری شہید اور اقوام متحدہ کا ایک ملازم مارا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے غزہ شہر کے جنوب میں الزیتون کے علاقے میں صلاح الدین اسٹریٹ پر ابو دف خاندان کے گھر پر بمباری کی۔سول ڈیفنس نے کہا کہ اس کے عملے نے چار لاشیں اور متعدد زخمیوں کو نکال لیا ہے، جب کہ ملبے تلے دبے متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
اسرائیلی فوج نے چند علاقوں کے رہائشیوں کے لیے فوری انتباہ بھی جاری کیا ۔ فوج نے غزہ کے مشرقی اور شمال مشرقی حصوں میں متعدد علاقوں، خاص طور پر بیت حانون، خربہ خزاعہ اور عبسان الکبیرہ اور الجدیدہ کے علاقے خالی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
امریکا کی جانب سے ایک بار پھر یمن میں کئی مقامات پر حملے کیے گئے ہیں جس کے بعد جنگ کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
چند گھنٹے قبل یمن سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل بھی داغا گیا تھا۔اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے یمن کی طرف سے ہونے والے میزائل حملے کو روک دیا ہے۔