کراچی میں آسمان پر شہاب ثاقب کا خوبصورت نظارہ

کراچی:شہر قائد کی فضائوں میں اس وقت دلکش مناظر دیکھے گئے جب شہاب ثاقب آسمان سے گرتے ہوئے زمین کی طرف سفر کر رہے تھے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے ٹوٹے ہوئے تاروں کی مانند شہاب ثاقب کو فضاء میں پھیلتے ہوئے دیکھا،سوشل میڈیا پر بھی ویڈیو وائرل ہوگئی۔شہاب ثاقب کے گزرنے کی ویڈیو شہریوں نے موبائل فون میں قید کیں، آسمان پر شہاب ثاقب کو گزرتے ہوئے رات 2بج کر 43منٹ پر دیکھا گیا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق شہاب ثاقب وہ چمک دار اجرام فلکی ہیں جو سورج کے گرد گھومتے ہوئے زمین کی گریوٹی کی وجہ سے فضاء میں داخل ہو جاتے ہیں اور زمین کی طرف گرتے ہیں۔جب یہ شہاب ثاقب زمین کی فضاء میں داخل ہوتے ہیں تو ان سے روشنی پیدا ہوتی ہے جو انہیں دلکش اور جاذب نظر بناتی ہے۔یہ اجرام فلکی زمین کے کر ہوا میں داخل ہو کر بلندی سے پستی کی جانب چمک پیدا کرتے ہیں اور ان کو “شہابیے” یا “ستاروں کا گرنا” بھی کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ پتھر سورج کے گرد گھومتے ہیں اور ان کا زمین کی فضاء میں داخل ہونا ایک قدرتی فلکیاتی عمل ہے جس کی وجہ سے ان سے روشنی کی جھرمٹ پیدا ہوتی ہے اور یہ زمین پر گرنے سے پہلے ایک شاندار منظر پیش کرتے ہیں۔ ان اجرام فلکی کو “سنگ شہاب” بھی کہا جاتا ہے۔کراچی کی فضاؤں میں ان شہابیوں کی چمک نے آسمان کو ایک منفرد منظر بخشا، جس پر شہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔