اسلام آباد/نئی دہلی:ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کشمیر سے متعلق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی وزیراعظم نے مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کربات کی، بھارت پاکستان میں اپنی دہشت گردی چھپا نہیں سکتا، پاکستان مخالف بھارتی بیانہ دو طرفہ ماحول کو خراب کرتا ہے۔
بھارتی وزیراعظم کے پوڈ کاسٹ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ کشمیر سے متعلق نریندر مودی کے تبصرے گمراہ کن اور یکطرفہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کو آسانی سے نظر انداز کر دیتے ہیںجو بھارت کی جانب سے گزشتہ 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ، پاکستان اور کشمیری عوام کو یقین دہانیوں کے باوجود حل طلب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا مظلومیت کا فرضی بیانیہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو ہوا دینے اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور بھارت کے ریاستی جبر کو چھپا نہیں سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے بیرون ممالک میں ٹارگٹ کلنگ، تخریب کاری اور دہشت گردی کے اپنے ریکارڈ پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے بنیادی تنازع سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے تعمیری روابط اور نتیجہ خیز مذاکرات کی وکالت کی ہے تاہم جنوبی ایشیا میں امن و استحکام بھارت کے سخت نقطہ نظر کی وجہ سے یرغمال بنا ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے نکلنے والا پاکستان مخالف بیانیہ دو طرفہ ماحول کو خراب کرتا ہے اور یہ امن اور تعاون کے امکانات کو متاثر کرتا ہے، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے فری لانس امریکی پوڈ کاسٹر لیکس فریڈمین کے ساتھ گزشتہ دنوں ایک پوڈ کاسٹ میں متعدد امور بشمول پاکستان، چین، گجرات فسادات وغیرہ پر سوالات کے جواب دیے۔ کئی گھنٹے پر مشتمل اس پوڈ کاسٹ کے منتخب اقتباسات بھارتی میڈیا میں گشت کررہے ہیں۔
بھارت کے متعدد اخبارات اور نیوز ویب سائٹس نے بھی اسے شائع کیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے ایک سوال کے جواب میں پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بھارت کے خلاف مبینہ طور پرپراکسی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔مودی نے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی پر پاکستان پر تنقید کی اور کہا کہ امن کو فروغ دینے کی نئی دہلی کی کوششوں کا پاکستان نے مبینہ طور پر ہمیشہ دشمنی اور دھوکہ دہی سے جواب دیا۔
وزیر اعظم مودی سے جب پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات اور دوستی اور امن کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا،انہوں(پاکستان) نے ایک ہم آہنگ بقائے باہمی کو فروغ نہ دینے کا انتخاب کیا۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ بار بار دشمنی کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے ہمارے خلاف پراکسی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔مودی نے یاد دلایا کہ انہوں نے اس وقت کے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو 2014ء میں ان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا تاکہ بھارت اور پاکستان کے ہنگامہ خیز تعلقات میں نئے باب کا آغازہو سکے۔
انہوں نے کہاجب میں نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو اپنی حلف برداری میں مدعو کیا تو یہ خیر سگالی کا اشارہ تھا۔ ایسا کئی دہائیوں میں پہلی بار ہوا تھا۔ یہ ایک بڑی پیش رفت تھی۔ بھارتی صدر پرنب مکھرجی نے بھی اپنی کتاب میں اس واقعہ کا خصوصیت سے ذکر کیا ہے۔
مودی کے بقول تاہم ہر اچھی کوشش کا نتیجہ منفی نکلا۔نواز شریف سے ان کی 66 ویں سالگرہ پر ملاقات کے لیے 2015ء کے اپنے غیر معمولی دورہ لاہور کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے امن کی تلاش میں وہاں کا سفر کیا، لیکن اس کا بھی کوئی مطلوبہ نتیجہ نہیں ملا۔
انہوں نے کہایہ دورہ اس بات کا ثبوت تھا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی کتنی واضح اور پراعتماد ہو گئی ہے۔ اس سے دنیا کو امن اور ہم آہنگی کے لیے بھارت کے عزم کے بارے میں ایک واضح پیغام بھیجا گیا۔بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ امن و سکون کے لیے ترس رہے ہیں کیونکہ وہ لڑائی اور بدامنی میں رہتے رہتے تھک چکے ہوں گے۔
انہوں نے سوال کیا کہ مبینہ طور پر خون ریزی اور دہشت گردی ایکسپورٹ کرکے آخر کس نظریے کو پروان چڑھایا جارہا ہے؟انہوں نے کہا، وہ (پاکستانی عوام) مسلسل دہشت گردی سے تنگ آچکے ہوں گے، جہاں معصوم بچے بھی مارے جاتے ہیں اور لاتعداد زندگیاں تباہ ہو جاتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مودی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان سے بارہا کہا ہے کہ وہ سرحد پار سے ہونے والی مبینہ دہشت گردی بند کرے کیونکہ کوئی بھی بات چیت تشدد، دہشت گردی اور جبر سے پاک ماحول میں ہی آگے بڑھ سکتی ہے۔
بھارتی وزیر اعظم کے مطابق پاکستان مبینہ طور پر آج نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کے لیے پریشانی کا مرکز بن گیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی مثال دی، جنہیں پاکستان کے ایبٹ آباد میں ایک کمپاؤنڈ میں امریکی سیکورٹی اہلکاروں نے مارا تھا۔
مودی نے کہا،مثال کے طور پر 11 ستمبر کے حملوں کو لے لیں۔ اس کے پیچھے اصل ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن تھے۔ وہ آخر کار کہاں پائے گئے؟ انہوں نے پاکستان میں پناہ لے رکھی تھی۔ دنیا نے تسلیم کیا ہے کہ، ایک طرح سے ، دہشت گردی اور دہشت گردانہ ذہنیت کی جڑیں پاکستان میں گہرائی سے پیوست ہیں۔
ان کاکہنا تھا،صرف ہم اس لعنت کا واحد شکار نہیں ہیں۔ دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے، اس کا سرا کسی نہ کسی طرح پاکستان کی طرف جاتا ہے۔ ہم نے ان پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کی ریاستی سرپرستی کرنا چھوڑ دیں۔